رپورٹ : فریدہ خانم .
" عظیم عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و صوفی شاعر حضرت واصف علی واصف رح کے عرس کی تقریبات کا انعقاد " .
پاکستان کے معروف عظیم عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم , صوفی شاعر و روحانی شخصیت جناب حضرت واصف علی واصف رح کا اکتیسواں عرس بمطابق بائیس, تئیس اور چوبیس رجب عیسوی تاریخ کے مطابق چودہ, پندرہ اور سولہ فروری کو ان کے مزار شریف واقع میانی صاحب میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا, عرس کی یہ تقریبات تین روز تک جاری رہیں.
چادر پوشی سے ایک دن پہلے سرزمین مولائے روم رح اسلامیہ ترکیہ سے تشریف لائے ہوئے مہمان جناب عبداللہ کامک نے آستانہ واصفیہ پہ سریلی آوازوں میں حاضرین محفل کو محظوظ کیا. اس تقریب میں بطور مہمان خصوصی محترم صاحب زادہ عاصم مہاروی نے شرکت فرمائ.
پروگرام کے مطابق عرس کا آغاز بعد از نماز عصر رسم چادر پوشی سے سردار نصراللہ دریشک اور عقیدت مندوں کے ہاتھوں ہوا. اس موقع پر درود و پاک کی مقدس محفل ہوئ اور اسی رات محفل سماع کا بھی بندوبست تھا , منقبت حاجی محمد سعید اور ہمنوا نے پیش کی , جبکہ قوال آصف علی سنتو اور ہمنوا تھے .
عرس کے دوسرے دن الحمرا ہال میں سیمینار کا انعقاد ہوا , جس میں مقررین نے حضرت واصف علی واصف رح کی زندگی اور روحانی تعلیمات کے حوالے سے اظہار خیال کیا. تقریب کی صدارت محترم مجیب الرحمن شامی نے کی , جبکہ مقررین میں محترم ارشاد عارف , محترم علامہ شہزاد مجددی, محترم صاحب زادہ عاصم مہاروی, محترم طارق رحمن, محترم حسن قیوم , محترم ڈاکٹر وسیم اللہ شاہین تھے . نقابت کے فرائض نور الحسن نے ادا کیے , ہدیہ نعت محترم کرامت علی کرامت , منقبت محترم نور احمد جرال اور کلام جناب رموز علی قلندری نے سنایا. ہال خواتین و حضرات سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا, جس میں ہر طبقہ فکر سے سامعین کی کثیر تعداد موجود تھی .
سیمینار کے بعد محفل نعت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد مزار شریف پر کیا گیا, جس کی نقابت صفدر علی محسن نے کی , جبکہ مہمانان خصوصی میں محترم سید ذہیب مسعود, محترم سرور حسین نقشبندی, محترم شہزاد حنیف مدنی اور محترم یاسر گولڑوی شامل تھے .
عرس کے آخری روز مزار شریف پر حضرت واصف علی واصف رح کی زندگی میں ان سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات آڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے سنائے گئے, جبکہ نماز عصر کے بعد اختتامی دعا کی گئ , جس میں دربار حضرت خواجہ غلام فرید رح کے سجادہ نشین خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ شامل تھے .
مزار شریف پر حضرت واصف علی واصف رح کی کتابوں کے سٹال کا بھی انتظام کیا گیا تھا , جہاں ان کی تمام کتب رعایتی نرخوں پر دستیاب تھیں, عقیدت مندوں نے بڑے شوق سے ان کتب کو خریدا .
عرس میں دور دراز سے آئے ہوئے سینکڑوں مریدوں اور عقیدت مندوں نے شرکت کی. عرس میں وسیع لنگر کا انتظام بھی تھا.
No comments:
Post a Comment