Thursday, January 11, 2024

تیر بہدف نسخہ ( یاسین یاس )

 





تیر بہدف نسخہ 

تحریر : یاسین یاس 

سردی بہت زیادہ ہے اور اس سردی میں بہت سارے ایسے کام ہیں جو بالکل بند ہو جاتے ہیں یا بالکل سلو ہو جاتے ہیں جیسا کہ کنسٹرکشن کا کام ہے اور اس کام سے جڑے ہوئے بہت سارے لوگ بے روزگار ہو جاتے ہیں جن میں مستری مزدور پلمبر الیکٹریشن رنگ والے اس لیے اپنے اردگرد کا جائزہ لے کر ایسی جگہوں پر کام کرنے والے لوگوں کا جس قدر ممکن ہوسکے خیال رکھیں انہیں جس چیز کی ضرورت ہو پوری کرنے کی کوشش کریں اپنے گلی محلے تک تو ہر بندہ ایسا کرسکتا ہے اور اس انداز سے کریں کہ اس کو محسوس بھی نہ ہو کہ یہ میری مدد کر رہا ہے بالکل اس طرح جس طرح ایک ہاتھ دے تو دوسرے ہاتھ کو بھی علم نہ ہو مثال کے طور پر آپ نے گھر میں مچھلی بنائی ہے یا کوئی ایسی چیز جو آپ کا پڑوسی افورڈ نہیں کرسکتا تو پکا ہوا سالن کسی برتن میں ڈالیں اور بالکل اسی طرح  جس طرح تہواروں میں ہم ایک دوسرے کے گھر دینے جاتے ہیں ان کے دروازے پر دستک دیں اور انہیں دے آئیں اور ساتھ اسے کہیں یار یہ مجھے ایک دوست نے دریا کی مچھلی کا  تحفہ بھیجا تھا خرید تو آپ بھی سکتے ہیں لیکن دریائی مچھلی تو قسمت سے ملتی ہے اس لیے آپ کے لیے لایا ہوں یا  اس کو کچھ بھی کہہ دیں یا ویسے ہی دے آئیں ایسا آپ ہر روز بھی کرسکتے ہیں اور وقفے وقفے سے بھی ایک گھر کے لیے بھی اور زیادہ گھروں کے لیے جتنا آپ کی جیب اجازت دے  کسی کو سویٹر جرسی یا گرم چادر لے دیں ضروری نہیں بہت مہنگی ہی ہو آپ اپنی حیثیت کے مطابق خرید سکتے ہیں  ہسپتالوں یا لیبارٹریوں کا چکر لگائیں وہاں کچھ ایسے لوگ نظر آئیں گے جو سچ میں ضرورت مند ہوں گے ان کی مدد کریں تاکہ وہ اپنا اور اپنے پیاروں کا علاج کروا سکیں لوگوں کو خوشیاں دینا شروع کردیں یقین مانیں آپ کو اتنی خوشیاں ملیں گی کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے آپ کو اپنا ہر عید جیسا لگنے لگے گا اور اس پہ کچھ خاص خرچ نہیں ہوگا شدید سردی اور دھند میں پرندوں کے لیے بہت زیادہ مشکلات ہیں ان کے کھانے پینے کا بندوبست کریں پارکوں میں چلے جائیں سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹ پر اپنے گھروں کی چھتوں پر صحن میں جہاں پرندوں کا آنا جانا ہو ان کے دانہ دنکا ڈال آئیں اسی طرح کتے اور بلیوں کا بھی خیال رکھیں ان کو بھی خوراک کا مسئلہ درپیش ہے الغرض آپ جس کے لیے جو کرسکتے ہیں جتنا کرسکتے ہیں ضرور کریں ایسا کرنے سے آپ کو ذہنی سکون بھی ملے اور انشاءاللہ رزق میں برکت بھی ہوگی وہ سکون جو ہزاروں روپے خرچ کرنے کے بعد بھی نہیں ملتا ایک دفعہ ٹرائی کر کے دیکھ لیں تیر بہدف نسخہ ہے ایسے بہت سے چھوٹے چھوٹے کام ہیں جن کو آپ اور ہم آسانی سے کرسکتے ہیں اور اپنی زندگی کو پر سکون بنا سکتے ہیں کسی سے کوئی ناراضگی ہوجائے بھلے غلطی اسی کی کیوں نہ ہو تو اسے معاف کردیں آپ شاید نہیں جانتے کہ غصہ آپ کی صحت کا دشمن ہے اس سے جتنا ہوسکے بچیں ۔ رزق اور خوشیاں آپ جتنی بانٹیں گے اتنی زیادہ آپ کو ملیں گی اس لیے کسی دوسرے کو آسانی اور خوشی دینے کے معاملے میں ہچکچائیں مت 

کیوں کہ اس کے ساتھ ہی آپ کی خوشیاں بھی جڑی ہوئی ہیں اب یہ آپ کے ہاتھ میں ہے کہ آپ کتنا خوش رہنا چاہتے ہیں 

No comments:

Post a Comment