Thursday, March 9, 2023

نائس ویلفئیر سوسائیٹی ( خواتین کا عالمی دن )

 رپورٹ  :   فریدہ خانم   .




8 مارچ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نائس ویلفیئر سوسائٹی میں سیمینار اور ورائٹی پروگرام کا انعقاد  " .






خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سماجی تنظیم نائس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام نائس ووکیشنل ٹریننگ سنٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا , جس میں مقررین نے خواتین کے حقوق، عملی زندگی میں انہیں درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق گفتگو کی۔ تقریب کی مہمان خصوصی معروف شاعرہ ومصنفہ محترمہ فریدہ خانم تھیں۔

مہمان خصوصی محترمہ فریدہ خانم نے اپنے خیالات کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ ہمیں عورتوں کے حقوق کی بات کر تے ہوئے مغربی طرز فکرکی بجائے اسلامی ضابطہ حیات کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے , کیونکہ اسلام نے آج سے چودہ سو سال پہلے ہی عورت کو حقوق دیتے ہوئے اس کی زندگی کو محفوظ بنا دیا تھا,   اسلام حقوق نسواں کا سب سے بڑا علمبردار اور محافظ ہے۔ ہمیں اپنی زندگیوں کو اسلامی قالب میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔جہاں تک ملک و قوم کی ترقی میں عورت کے کردار کی بات ہے تو عورت گھریلو ذمہ داریوں کےساتھ ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں بھی بھر پور عملی کردار ادا سکتی ہے۔ موجودہ دور میں عورتوں نے اپنی صلاحیتوں سے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منوایا ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم اسلامی شعار اپناتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ کر دار ادا کریں ۔ اس ضمن میں ہنر مند خواتین گھر کے ساتھ ساتھ ملکی تعمیر و ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں ۔ انہوں نے  نائس ویلفیئر سوسائٹی کے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کو سراہتے ہوئے خواتین پر زور دیا کہ انہیں ووکیشنل ٹریننگ سے استفادہ کر نا چاہیَے۔

  نائس ویلفیئر سوسائٹی کی بانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر محترمہ سائرہ اقبال نے اپنے خطاب میں حاضرین مجلس کو مطلع کیا کہ نائس ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام خواتین کو ہنر مند بنانے کا مشن گذشتہ پانچ سالوں سے کامیابی سے جاری ہے ,جس سے خواتین کی ایک کثیر تعداد تربیت حاصل کر چکی ہے,  جو اپنی فنی مہارت سے فائدہ اٹھا کر معاشی طور پر مضبوط زندگی گزار رہی ہیں ,  کیونکہ خواتین کے معاشی استحکام کے لئے ووکیشنل ٹریننگ بیحد ضروری ہے۔ انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ فنی تربیت کی افادیت سے عوام کو آگاہ کریں تا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین باروزگار ہوسکیں۔

تقریب میں نائس ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کی طالبا ت نے مختلف پرفارمنس پیش کیں ,  کوئز پروگرام، ورائٹی شو اور  فیشن شو میں طالبات نے بھر پور انداز میں شرکت کی,  جس پر انہیں انعامات سے نوازا گیا اور آخر میں پر تکلف ظہرانے کا انتظام تھا.


No comments:

Post a Comment