Saturday, November 2, 2024

آہ آئینہ مثال ( تحریر : عابد محمود عابد )

 








آہ آئینہ مثال

تحریر۔۔۔ عابد محمود عابد

ایک ہفتہ گزر گیا اور یقین نہیں ارہا کہ وہ منوں مٹی تلے چلی گئی ہے ، آہ آئینہ مثال ۔۔۔ ایک انقلابی اور ذہین ترین لکھاری اور کالم نگار ۔۔۔۔ جس نے مختصر لیکن بھرپور زندگی گزاری ، لکھنے کے ساتھ ساتھ کئی بڑی شخصیات کے انٹرویوز بھی کیے ،

چار سال قبل جب سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے بچپن کےکچھ لکھاری دوستوں سے رابطہ ہوا اور اس واٹس ایپ گروپ میں شمولیت کا موقع ملا کہ جو بزم امروز کے نام سے بنایا گیا تھا اور امروز کے بچوں کے صفحے میں لکھنے والے بہت سے دوست شامل تھے ، کچھ ایسے نام بھی تھے کہ جو جو ہمارے ساتھ امروز میں نہیں لکھا کرتے تھے انہی ناموں میں سے ایک نام آئینہ مثال کا تھا ,_آئینہ مثال بچپن میں ہمارے ساتھ امروز میں لکھنے والی ثمرینہ جمال ثمر جنہیں اب ہم گروپ میں ثمرینہ آپی کہتے ہیں ان کی چھوٹی بہن تھیں اور موجودہ دور کی نامور لکھاری ہونے کی وجہ سے انکو بھی گروپ میں شامل کر لیا گیا تھا ، بلکہ وہ بزم امروز گروپ کی ایک ہر دل عزیز ممبر تھیں اور وہ گروپ میں سب ممبران کے لیے ایسے ہی تھی جیسے گھر میں سب سے چھوٹی بہن لاڈلی ہوتی ہے ، ثمرینہ آپی اور آئینہ مثال اپنے وقت کے اردو اور سرائیکی کے مشہور شاعر نسیم لیہ کی  صاحبزادیاں تھی اور اس لیے ادبی ذوق انکے لیے ایک قدرتی بات تھی اور آئینہ مثال اس ادبی ذوق کو بہت آگے لے کر گئی اور ادبی دنیا میں اپنا ایک الگ مقام بنایا ، گروپ میں تو تعارف ہو چکا تھا لیکن ان سے میری پہلی ملاقات فروری 2023 میں انڈیگو ہوٹل میں منعقدہ بزم امروز کے اجلاس میں ہوئی ،ادبی دنیا میں واپسی کے بعد میرا رجحان بھی چونکہ کالم نگاری کی جانب تھا تو اس لیے میری ان سے مشاورت چلتی رہتی تھی ، میں اپنے  کالم پر انکی رائے لیتا تھا اور انکی رائے ہمیشہ جامع اور فائدہ مند ہوتی ، وہ بھی اپنے کالم مجھے میری رائے جاننے کے لیے بھیجتی تھیں اور میں نے ایک بات نوٹ کی تھی کہ جب میں سرسری نظر ڈالنے کے بعد کہتا کہ آپ کا کالم اچھا ہے تو وہ اتنی خوش نہیں ہوتی تھیں لیکن جب میں ان کا کالم پورا پڑھ کر ایک بھرپور تبصرہ کرتا تو وہ اس پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتیں اور میرے تبصرے پر بھی اپنا ایک تبصرہ پیش کرتیں ، ادبی دنیا میں وہ دوسروں کی مدد کرنے اور دوسروں کے کام آنے کے لیے تیار رہتیں اور کئی مرتبہ میرے کہنے پر انہوں نے میرے سکول سے متعلقہ خبریں مختلف اخبارات میں لگوائیں ،

آئینہ مثال غیر شادی شدہ تھیں اور اپنی والدہ کے کے ساتھ لاہور میں رہتی تھیں ، کچھ عرصہ قبل ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا اور اس کے بعد وہ اندر سے ٹوٹ کر رہ گئیں اوراس صدمے نے انکو بکھیر کر رکھ دیا اور ایک ہفتہ قبل جمعرات کو یہ انتہائی ناقابل یقین اور غمگین خبر ملی کہ آئینہ مثال وفات پا گئی ہیں , 

اللہ انکو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے ، آمین

No comments:

Post a Comment