لاہور(شاہدرشید)عظیم صوفی بزرگ حضرت مادھو لال حسینؒ کے 435 ویں عرس کی تین روزہ تقریبات (میلہ چراغاں) کا آج سے آغاز ہوگا، لاہور پولیس ہائی الرٹ ہے
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ 2 ایس پی،4 ڈی ایس پیز سمیت 1 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات ہونگے، 40 سے زائد لیڈی کانسٹیبلز، سادہ لباس میں پولیس اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ فورس ٹیمیں مزار حضرت مادھو لال حسین اور اطراف میں موثر پٹرولنگ کریں گے۔سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے آنے والے عقیدت مندوں اور زائرین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے گی، عقیدت مندوں اور زائرین کو تین درجاتی چیکنگ میکانزم سے گزرنے کے بعد ہی احاطہ مزار میں داخلے کی اجازت دی جائے۔
بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سینئر پولیس افسران منتظمین دربار کے ساتھ رابطے میں رہیں، سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، دربار حضرت مادھو لال حسین کے گردونواح میں قائم ہوٹلوں، دوکانوں،گھروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی جاری رکھیں، چیکنگ اور سکیورٹی کے لئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، الیکٹرک بیرئیرزکا استعمال یقینی بنایا جائے۔سربراہ لاہور پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی، چیکنگ پوائنٹس پر چاق و چوبند نوجوان اہلکار تعینات کئے جائیں، مزار مادھو لال حسین اور گرد و نواح کی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں، پولیس ہائی الرٹ رہے،مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے۔ شہری کسی بھی مشتبہ شخص یا بیگ کی فوری اطلاع پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔
No comments:
Post a Comment